مہنگائی کی سالانہ شرح13.98فیصد تک پہنچ گئی،19اشیا مہنگی،9سستی
ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی اعشاریہ 33فیصد کم ہوئی،آلو بریڈ، کوکنگ آئل، انڈے ،مٹن، چکن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ٹماٹر 27.65 ، پیاز 9.35 فیصد سستے ہوئے ، آٹا ،چینی کی قیمتیں بھی کم ہوئیں،23 کی قیمتیں مستحکم رہیں،ادارہ شماریات
اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی۔ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 13.98 فیصد تک پہنچ گئی جب کہ گزشتہ ہفتے تک ملک میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 12.16 فیصد تھی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 19اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ 9 اشیا سستی اور 23 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ایک ہفتے میں آلو 3.13 فیصد ،بریڈ 0.91،کوکنگ آئل 0.69 فیصد مہنگے ہوئے ، اس کے علاوہ انڈے ، مٹن، چکن اورگھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔حالیہ ہفتے ٹماٹر 27.65 اور پیاز 9.35 فیصد سستے ہوئے جب کہ ڈیزل، ایل پی جی، آٹا اور چینی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پرمہنگائی میں 0.33 فیصد کی کمی ہوئی۔