کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ:144 گاڑیوں کی فیبریکیشن کی منظوری

 کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ:144 گاڑیوں کی فیبریکیشن کی منظوری

5 کروڑ 76 لاکھ کی لاگت، فی گاڑی 4 لاکھ خرچ ہوگا ،گاڑیاں پہلے ہی خریدی جاچکیں محکمہ خزانہ کے اعتراض کے باوجود کابینہ سے منظور ، سپلیمنٹری گرانٹ سے جاری ہوگی

لاہور (محمد حسن رضا سے ) پنجاب حکومت نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کیلئے 144 سنگل کیبن گاڑیوں کی باڈی فیبریکیشن کی منظوری دے دی۔سرکاری دستاویزات کے مطابق اس مد میں 5 کروڑ 76 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے ، جبکہ ہر گاڑی پر تقریباً 4 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔ متعلقہ گاڑیاں پہلے ہی خریدی جا چکی تھیں، تاہم اب ان کی فیبریکیشن کے لیے اضافی فنڈز طلب کیے گئے جنہیں کابینہ نے منظور کر لیا۔سمری میں واضح کیا گیا ہے کہ مجموعی لاگت 57اعشاریہ 6ملین روپے مقرر کی گئی ہے اور یہ رقم مالی سال 2025-26 میں سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے جاری کی جائے گی۔ریکارڈ کے مطابق کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اپریل 2025 میں جرائم کے خاتمے کے لیے قائم کیا گیا تھا، جس کے لیے پہلے ہی اربوں روپے مختص کیے جا چکے ہیں۔ محکمہ خزانہ کی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ اس ڈیپارٹمنٹ کا بجٹ 3 ارب 25 کروڑ روپے سے زائد رکھا گیا، جبکہ اب تک 1 ارب 33 کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری بھی کیے جا چکے ہیں۔آئی جی پنجاب کی جانب سے گاڑیوں کی فیبریکیشن کے لیے فنڈز کی درخواست بھجوائی گئی، جسے محکمہ داخلہ نے کابینہ کے سامنے پیش کرنے کی منظوری دی۔ تاہم محکمہ خزانہ نے اس معاملے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے تجویز دی تھی کہ اضافی فنڈز کے لیے ری اپروپریشن یا بعد ازاں منظوری کا راستہ اختیار کیا جائے ۔اس کے باوجود وزیراعلیٰ کی ہدایت پر معاملہ فوری طور پر کابینہ میں پیش کیا گیا، جہاں بغیر کسی تاخیر کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔پولیس کا مجموعی بجٹ پہلے ہی 200 ارب روپے سے زائد ہے اور سروسز و ٹرانسپورٹ کی مد میں کروڑوں روپے پہلے سے مختص ہیں، جبکہ خریداری اور ٹرانسپورٹ کے لیے اضافی سپلیمنٹری گرانٹس بھی ماضی میں دی جا چکی ہیں۔محکمہ خزانہ پنجاب حکام کے مطابق فنڈز کی منظوری کابینہ کی جانب سے دی گئی ہے ، جس کے تحت فنڈز جاری کیے جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں