مکمل رجسٹریشن نظام ، نادراکی جدید ویب سائٹ متعارف
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی نئی اور جدید ویب سائٹ [https://www.nadra.gov.pk/] متعارف کرا دی ہے ، جو ایک جامع، مربوط اور شہریوں کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کردہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے ۔
نادرا حکام کے مطابق اس کا مقصد خدمات، معلومات اور ڈیٹا تک رسائی کو مزید آسان اور مؤثر بنانا ہے ۔یہ ویب سائٹ نادرا کے کردار اور پاکستان میں شناختی نظام کے ارتقاء کو واضح انداز میں پیش کرتی ہے ، جہاں ملک نے روایتی کاغذی نظام سے ترقی کرتے ہوئے دنیا کے سب سے بڑے بائیومیٹرک شناختی نظاموں میں اپنا مقام بنایا ہے ۔ ویب سائٹ کی ایک نمایاں خصوصیت نادرا کا Geospatially Referenced Demographic Information System (nGRIDS) ہے ، جس کے ذریعے ملک بھر میں رجسٹریشن کی صورتحال کو نقشوں کی صورت میں دیکھا اور سمجھا جا سکتا ہے ۔ اس میں ضلعی سطح پر مردم شماری اور رجسٹریشن کے تقابلی جائزے کی سہولت موجود ہے ، جبکہ ایک خصوصی میپ گیلری کے ذریعے مختلف موضوعاتی نقشے ڈاؤن لوڈ بھی کیے جا سکتے ہیں، جو تحقیق اور منصوبہ بندی میں معاون ثابت ہوں گے ۔ویب سائٹ میں اعدادوشمار اور تجزیاتی معلومات کو بھی مربوط انداز میں شامل کیا گیا ہے ، جن میں قومی سطح کے اشاریے ، صوبہ وار تفصیلات اور رجحانات شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے رجسٹریشن نظام کی مکمل تصویر بھی پیش کی گئی ہے ، جس میں یونین کونسل سطح پر ہونے والی پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کی رجسٹریشن کو نادرا کے مرکزی نظام سے جوڑ کر دکھایا گیا ہے ۔