بلدیاتی اداروں میں غیر قانونی تعیناتیاں،کارروائی کا فیصلہ
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )پنجاب بھر کے بلدیاتی اداروں میں غیر قانونی تعیناتیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پنجاب کے 229مقامی اداروں یعنی کارپوریشنز، ضلع کونسلوں اور میونسپل کمیٹیوں میں نچلے کیڈر کے ملازمین کو غیر قانونی طور پر اضافی چارج دیا گیا تھا جس کا صوبائی حکومت نے سخت نوٹس لیا ہے ۔حکومت نے تمام اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ ایسے تمام غیر قانونی فیصلے فوری واپس لئے جائیں اورسات دن کے اندر محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب کو رپورٹ بھجوائی جائے ، احکامات پر فوری عمل نہ کرنے والے ذمہ دار وں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔اس حوالے سے پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کے ایڈمنسٹریٹو افسر نے تمام میٹروپولیٹن کارپوریشنز، ضلع کونسلوں اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسر وں ا و رسربراہوں کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔