حیسکو میں ایک ارب روپے کی کرپشن میں ملوث 4افسر برطرف

حیسکو میں ایک ارب روپے کی کرپشن میں ملوث 4افسر برطرف

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے ) نے کارروائی کرتے ہوئے حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) میں ایک ارب روپے کی کرپشن میں ملوث 4 افسران کو برطرف کردیا گیا۔

 برطرف ملازمین تنخواہوں اور پنشن سمیت دیگر مراعات کے نام پر جعلی بل بناکر کرپشن میں ملوث تھے ۔ حیسکو کے ڈی جی /ایچ آر اینڈ ایڈمن ڈائریکٹر شفیق احمد میمن کے دستخط سے جاری لیٹر میں بتایا گیا کہ چیف فنانشل آفیسر کے دفتر میں تعینات اکاؤنٹ آفیسر بجٹ غلام محمد کو ملازمت سے برطرف کرکے 82ملین روپے سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ، اسی طرح 66ملین اور 16 ملین روپے کی کرپشن کے دو الگ الگ کیسز میں جرم ثابت ہونے پر ڈویژنل اکاؤنٹنٹ آفیسر عمرکوٹ ذوہیب چانڈیو کو برطرف کرتے ہوئے 88 ملین روپے خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی، ڈویژنل اکاؤنٹ آفیسر سانگھڑ سجاد احمد کو برطرف کرکے 270 ملین سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ 39 ملین روپے کی کرپشن میں ڈویژنل اکاؤنٹ آفیسر نواب شاہ محمد اسماعیل جاکھرانی کو برطرف کرتے ہوئے 29 ملین روپے واپس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی، برطرف افسران کو ان کیخلاف کی جانے والی کارروائی پر اپیل کیلئے دو ماہ کا وقت دیا گیا۔ حیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ برطرف کئے جانے والے افسران نے اگر مذکورہ رقم جمع نہ کرائی تو ان کیخلاف پنشن روکنے کے ساتھ مزید محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں