گریڈ 22 ترقی:ہائی پاور بورڈ اجلاس مئی کے پہلے ہفتے متوقع
وفاق کے ماتحت مختلف سروس کیڈر گروپس میں گریڈ 22 کی 25 اسامیاں خالی ہیں کارکردگی رپورٹس مکمل، وزیراعظم یا اسحاق ڈار کی سربراہی میں بورڈ اجلاس ہوگا
اسلام آباد (ایس ایم زمان)وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گریڈ 22 میں ترقی کے لیے ہائی پاور بورڈ کا اجلاس مئی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے ۔ وزیراعظم آفس نے 27 اپریل کو اجلاس بلانے کی تاریخ دی تھی، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر اس میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق وفاق کے ماتحت مختلف سروس کیڈر گروپس میں گریڈ 22 کی تقریباً 25 اسامیاں خالی ہیں، جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے تحت تین سروس کیڈرز میں بھی 15 کے قریب اسامیاں موجود ہیں۔ ان میں سیکرٹریٹ سروس کی 5، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی 10 اور پولیس سروس کی 4 اسامیوں پر ترقی دی جائے گی۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ہائی پاور بورڈ اجلاس کے لیے گریڈ 21 کے افسران کی سالانہ کارکردگی رپورٹس اور دیگر ضروری ریکارڈ تیار کر لیا ہے ۔ وزیراعظم آفس نے اجلاس کے انعقاد کے لیے اہل افسران کا مکمل ریکارڈ طلب کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف یا ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوگا جس میں مختلف وفاقی سروس گروپس کے افسران کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کی منظوری دی جائے گی۔ ان گروپس میں سیکرٹریٹ سروس، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس، ان لینڈ ریونیو، کسٹمز، انفارمیشن سروس، پوسٹل سروس، ریلوے ، آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس، کامرس اینڈ ٹریڈ اور اکنامسٹ گروپ شامل ہیں۔