ہاؤسنگ سوسائٹیز میں 66ارب کی سہولتی اراضی CDAکو منتقل

 ہاؤسنگ سوسائٹیز میں 66ارب کی سہولتی اراضی CDAکو منتقل

نیب کاوشوں سے گلبرگ ریذیڈنشیا 5484، مارگلہ ویو کی 999کنال کی رجسٹری چند ہفتوں میں دیگر سوسائٹیز کی 4500کنال زمین سی ڈی اے کو منتقل کی جائیگی پارکس، تعلیمی اداروں، صحت و دیگر عوامی سہولیات کیلئے مختص اراضی خورد برد کی گئی تھی

اسلام آباد/راولپنڈی (دنیا رپورٹ) نیب اسلام آباد/راولپنڈی نے پیشگی اور اصلاحاتی حکمتِ عملی کے تحت ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ہزاروں کنال سہولتی اراضی کی سی ڈی اے کو منتقلی کا عمل مکمل کر لیا، 66ارب کی ہزاروں کنال سہولتی اراضی CDAکو منتقل کی گئی، گلبرگ ریذیڈنشیا کی 5ہزار 484کنال، ڈی-17مارگلہ ویو کی 999کنال اراضی شامل ہے ، چند ہفتوں میں دیگر ہاؤسنگ سوسائٹیز کی 4500 کنال زمین سی ڈی اے کو منتقل کی جائے گی، پارکس، تعلیمی اداروں، صحت و دیگر عوامی سہولیات کیلئے مختص یہ اراضی خورد برد کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ امینٹی لینڈ کی فوری منتقلی کو قانونی دائرہ کار میں رہ کر عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

ڈی جی نیب اسلام آباد/راولپنڈی وقار احمد چوہان کی زیرِ نگرانی سینئر افسروں کی کاوشوں سے زمین کی منتقلی کو حتمی شکل دی گئی۔ پہلے مرحلے میں گلبرگ ریذیڈنشیا کی 5,484.76 کنال اور ڈی-17 مارگلہ ویو کی 999 کنال سہولتی اراضی سی ڈی اے کو منتقل کی گئی، رجسٹری منتقلی کی تقریب نیب میں ہوئی، دیگر سوسائٹیز کی اراضی منتقلی کے کیسز مرحلہ وار تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ انتقال کی گئی زمین کی مجموعی مالیت ڈی سی ریٹ کے مطابق 41 ارب ہے ، پبلک ایریا کی مارکیٹ ویلیو 25.43 ارب بتائی جا رہی اور کل تقریباً 66ارب روپے کی مالیتی زمین سی ڈی اے کے نام ٹرانسفر کرائی گئی ، اگلے چند ہفتوں میں دیگر سوسائٹیز کی تقریباً 4500 کنال زمین سی ڈی اے کو منتقل کی جائے گی۔ قانون کے مطابق امینٹی لینڈ، بعد از رجسٹری بحق ریگو لیٹر منتقلی بذریعہ انتقال ہونا ضروری ہے ۔ کئی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی زمین تین دہائیوں سے زائد عرصہ سے تعطل کا شکار تھی۔

مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز کی پبلک اور امینٹی لینڈ تقریباً 4793 کنال اراضی بذریعہ انتقال بحق ریگو لیٹر منتقل کی گئی جو پچھلے کئی سال سے التوا کا شکار تھی، سولین ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی کی ٹرانسفر کا معاملہ تقریباً 31 سال سے پینڈنگ تھا۔ یہ اراضی پارکس، تعلیمی اداروں، صحت مراکز اور دیگر عوامی سہولیات کیلئے مختص تھی، تاخیر اور بے ضابطگیوں کے باعث چائنہ کٹنگ اور دیگر اقدامات کے ذریعے خوردبرد کی جاتی تھی۔ ڈی جی نیب اسلام آباد/راولپنڈی وقار احمد چوہان نے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد عامر مارتھ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعیم اللہ خان شامل ہیں۔ 2500 کنال سے زائد اراضی کی میوٹیشنز بھی زیرِ غور ہیں جنہیں جلد مکمل کرنے کی کارروائی جاری ہے ۔ اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن کی باقی ماندہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی سہولتی اراضی کی سی ڈی اے اور آر ڈی اے کو منتقلی کا ٹاسک بھی سونپ دیا گیا ہے جو راولپنڈی ڈویژن کے دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے گا، ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد عامر مارتھ، اسماء چودھری اور ساجد خان کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں