مسلم ممالک نیٹو کے مقابلے میں عسکری اتحاد قائم کریں،علما کرام
ملک میں موجود امریکی سفارتخانے فوری بند ، سفیروں اور عملے کو ملک بدر کیا جائے شہید خامنہ ای کے چہلم پر جلسہ،علامہ جواد نقوی، آغا راحت حسینی اور دیگر کا خطاب
کراچی(سٹاف رپورٹر) شہید سید علی خامنہ ای کے چہلم پر علمائے اکرام نے پاکستان میں موجود امریکی سفارتخانے فوری بند ، سفیروں اور عملے کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خطے کے مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ نیٹو کے مقابلے میں مشترکہ عسکری اتحاد قائم کریں، مسلم ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مضبوط ،اتحاد و یکجہتی کو فروغ ،فلسطین اور لبنان کے عوام پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کو فوری بند کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر پارک میں شیعہ تنظیموں کے زیر اہتمام شہید سید علی خامنہ ای کے چہلم کے سلسلے میں جلسے سے خطاب میں کیا، جس میں شہر بھر سے علمائے کرام، ذاکرین، سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اپوزیشن لیڈر سینیٹ سینٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ غزہ، لبنان، ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کو مستقل بند ، خطے سے امریکی فوجی اڈوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے ،پاکستان کو امریکی کالونی نہیں بننے دیں گے ، برابری کی سطح پر تعلقات قائم کئے جائیں۔ امریکی سفارتخانوں کے سامنے پر امن احتجاج میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، اگلا مرحلہ مینار پاکستان پر ملک گیر اجتماع کرنا ہے ، جو فیصلہ کن اجتماع ہوگا۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ یکم مارچ کو کراچی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، 37 برسوں میں شہید رہبر نے جو کچھ انجام دیا اس کو جاننا بہت ضروری ہے ، دشمن نے جس کام میں روڑے اٹکائے رہبر شہید نے اپنے خون سے وہ سارا راستہ صاف کردیا، شہید رہبر معظم قوم کو یکجا دیکھنا چاہتے تھے ۔
آغا راحت حسینی نے کہا فلسطین، کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام مظلوم ہیں، دنیا بھر میں ڈھائے جانے والے مظالم کا ذمہ دار امریکہ ہے ، امریکا اور اسرائیل کو نہیں معلوم انہوں نے کس قوم کو چھیڑا ہے ، امریکہ ایران سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے ۔سید امین شیرازی نے کہا امریکہ تنگ گلی سے نکلنا چاہتا ہے لیکن ناکام ہے ، طوفان الاقصیٰ سے آج تک امریکہ اور اسرائیل ایک بھی ہدف حاصل نہیں کرسکے ، دنیا میں ہونے والے ہر ظلم کیخلاف آواز اٹھائیں گے ، مینار پاکستان پر تاریخی اجتماع کریں گے ، شہدا سے عہد کرتے ہیں رہبر معظم سید مجتبیٰ خامنہ ای کی ہر آواز پر لبیک کہیں گے ۔ جلسے میں شیخ حسن صلاح الدین، علامہ علی مرتضیٰ، علامہ نثار قلندری، علامہ عقیل موسیٰ، علامہ صادق تقوی، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای سمیت فلسطین اور لبنان کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مقاومت کے مشن کو ہر سطح پر آگے بڑھایا جائے گا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی سے ہی ممکن ہے ، وقت کا تقاضا ہے کہ مسلم دنیا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر عالمی استکباری قوتوں کا مقابلہ کرے ۔ جلسے میں وزیر سید ناصر حسین شاہ، پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی سمیت دیگر نے شرکت کی۔