پٹرولیم مصنوعات لے کر 3بڑے بحری جہاز کراچی پورٹ پہنچ گئے
آج مزید آئل ٹینکرز کی آمد متوقع ،بندر گاہ پر برتھنگ کے انتظامات مکمل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات کے 3 بڑے بحری جہاز کراچی پورٹ پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی بندرگاہ پر خام تیل اور ٹرولیم مصنوعات کی بھاری کھیپ پہنچ گئی ہے ،آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید آئل ٹینکرز کی آمد متوقع ہے ۔ بحری جہاز ایم ٹی شالیمار تقریباً 73 ہزار میٹرک ٹن خام تیل لے کر کراچی پورٹ پہنچے گا، جس سے مقامی ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت کو تقویت ملے گی۔ایم ٹی لیان گوئی ہو نامی ٹینکر 55 ہزار میٹرک ٹن پٹرول لے کر پہنچ رہا ہے ، جس سے ملک بھر میں پٹرول کی فراہمی مزید مستحکم ہوگی،ایم ٹی خیرپور نامی جہاز 45 ہزار میٹرک ٹن ہائی سپیڈ ڈیزل کی کھیپ لے کر بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا۔بندرگاہ حکام کے مطابق ان جہازوں کی ترجیحی بنیادوں پر برتھنگ کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، ان بڑے ٹینکرز کی آمد سے نہ صرف ملک میں تیل کے ذخائر کی صورتحال بہتر ہوگی بلکہ سپلائی چین میں حائل رکاوٹیں بھی دور ہونے کا امکان ہے ۔