چناب نگر :میانوالی ایکسپریس کا انجن،3بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

 چناب نگر :میانوالی ایکسپریس کا انجن،3بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

پٹری بوسیدہ ہو نے پر حادثہ ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،14گھنٹے بعد ٹریک کلیئر

چنیوٹ،چناب نگر(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)چنیوٹ کے علاقے چناب نگر کے قریب میانوالی ایکسپریس حادثے کا شکار ہو گئی، ٹرین کا انجن اور تین بوگیاں پٹری  سے اتر گئیں۔میانوالی ایکسپریس لاہور جا رہی تھی کہ فیکٹری ایریا پھاٹک کے قریب ٹریک انتہائی بوسیدہ ہو نے پرانجن اور دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں،جس سے ٹرین سروس معطل ہو کر رہ گئی،چودہ گھنٹے گزرنے کے بعد انجن اور بوگیوں کو درست کرکے ٹریک کو بحال کر دیا گیا،اس دوران مسافرخوار ہو کر رہ گئے ،شدید گرمی میں بچوں بڑوں بزرگوں کا برا حال ہوگیا، کھانا پینا ختم ہونے پر اہل علا قہ نے مسافروں کیلئے کھانے پینے کا انتظام کیا ۔ریلوے حکام کی غفلت و لا پروائی کھل کر سامنے آگئی، حادثہ کے مقام پر پٹری کے کیل اور دیگر دوسری چیزیں غائب پائی گئیں،مسافروں نے احتجاج کرتے ہو ئے کہا کہ ریلوے حکام کو ٹریک کو درست رکھنا چاہیے ۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ مسافروں کو متبادل ٹرین کے ذریعے منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا ۔حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں