پیرا فورس کو بدنام کرنیوالے اہلکاروں کیخلاف گھیرا تنگ، مثال بنا دیا جائے : مریم نواز
عوام کو تنگ کرنے میں ملوث اہلکاروں کو 3سال جیل ہوسکتی،4 ہزار اہلکاورں کی سکروٹنی کی ہدایت سخت نگرانی ،وسل بلور سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنیکا حکم،باڈی کیم نصب کرنے کیلئے 30جون کی ڈیڈ لائن
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے غیر قانونی کارروائیوں سے عوام کو تنگ کرنے اور پیرا فورس کا نام بدنام کرنے والے اہلکاروں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا حکم دیا ہے ، غیر قانونی کارروائی میں ملوث پیرا کے اہلکاروں و افسران کو تین دن کی ڈیٹنشن نہیں ، تین سال جیل کی ہوا کھانی پڑ سکتی ہے ۔ پیرا میں ہر ایک اہلکارکے ریکارڈ کو جانچا جائیگا،جن کا ریکارڈ صاف ہوگا وہ اہلکاربے خوف رہیں لیکن جن کا ریکارڈ صاف نہ ہوا وہ کارروائی کیلئے تیار رہیں۔ وزیر اعلیٰ نے پیرا اہلکاروں پر باڈی کیم نصب کرنے کے لئے 30 جون کی ڈیڈ لائن دے دی۔ وزیر اعلیٰ نے پیرا فورس کے 4 ہزار اہلکاورں و افسران کی سکروٹنی کی ہدایت کی اور پیرا انٹرنل انٹیلی جنس اور وسل بلور سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ نے پیرا کا نام بدنام کرنے والے عناصر کیخلاف مثالی کارروائی کرنے کابھی حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پیرا فورس کا چوتھا اجلاس منعقد ہواجس میں پیرا کی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ لی گئی اور سخت فیصلے کیے گئے ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیرا فورس نے آئی ایس او سرٹیفکیشن حاصل کر لی ہے ۔ پیرا فیلڈ فارمیشن کی کل نفری 8 ہزارہے جس میں سے 4711نشستیں پُر ہو چکی ہیں۔ پیرا فورس میں بھرتی کا عمل پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مکمل کیا گیا ہے ۔ یکم جون سے ایس ڈی او پیرا کی پنجاب ایڈمنسٹریٹو سروس کی ٹریننگ شروع ہوجائے گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ انفورسمنٹ آفیسر اور انویسٹی گیشن آفیسر کو 1122اور PTC چوہنگ میں تربیت دی جائے گی۔ جون کے آخر تک مجموعی طور پر 7 ہزار اہلکاروں کی بھرتی مکمل کر لی جائے گی۔ کل 155 میں سے 133 انفورسمنٹ سٹیشنز فعال ہیں، باقی جون تک مکمل کر لیے جائیں گے ۔
پیرا فورس(15) خصوصی انیشیٹیوز میں بھی خدمات فراہم کر رہی ہے ۔ پیرا فورس کو میرج ہالز کی انسپکشن، پٹرول پمپس کی جانچ،مارکیٹ کلوزنگ اور دیگر خصوصی ٹاسک د یئے گئے ہیں۔ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 11 ایف آئی آرزدرج کی گئیں، 2 کروڑروپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والے 6557 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں 9036 کنال اراضی واگزار کرائی گئی ہے ۔ مجموعی طور پر تجاوزات پر 2 لاکھ 62 ہزارسے زائد چھاپے مارے گئے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ کی پالیسی کے مطابق ایف آئی آر کے بجائے اصلاح پر زور دیا گیا ،صرف 439 ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہوئیں۔15 سے 16 مختلف سافٹ ویئرز کو یکجا کر کے پیرا 360 ڈیش بورڈ بنایا جا رہا ہے ۔ تمام چالان ڈیجیٹل ہوں گے اور کنووکشن ریٹ 97 فیصدہے ۔ ایک ماہ کے اندر اہلکاروں کو باڈی کیم لگا دیے جائیں گے ۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نوازنے اہلکاروں کی سخت نگرانی اور سنٹرل 360 ڈیش بورڈ کے ذریعے مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے ۔ مریم نواز نے پیرافورس کو ایک ڈیڈیکیٹڈ فورس بنانے کا حکم دیا ہے جس کا بنیادی کام صرف ریگولیشن ہوگا۔ اجلاس میں کلر کہار یا مری/کوٹلی ستیاں میں پیرا فورس کی اپنی ٹریننگ اکیڈمی بنانے کی تجویز پیش کی گئی۔ مریم نوازنے ایک سال میں پیرا اکیڈمی مکمل کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ نے پیرا فورس کی ساکھ اور ڈسپلن پر سخت سوالات اٹھائے ۔ مریم نواز نے کہا کہ جو اہلکار کرپشن یا اختیارات کے ناجائز استعمال میں پکڑا جائے ، اسے مثال بنا دیا جائے ۔ پیرا میں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر 1356 انکوائریاں لگیں، 304کو سزائیں ملیں اور 7اہلکاروں کو فارغ کیا جا رہا ہے ۔ پیرا کے اندرونی انٹیلی جنس اور خفیہ اطلاع کے نظام کو مزید فعال کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشکوک شہرت والے افسران کو فوری طور پر ان کے اصل محکموں میں واپس بھیجا جائے ۔پبلک سروس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔دریں اثنا مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان میں سکول کی چھت گرنے سے طلبہ کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔