مولانا ادریس کی شہادت، جے یو آئی کا آج احتجاج کا اعلان
حکومت ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھے ،قاتلوں کو گرفتارکرے بدامنی ،مہنگائی ،بے انصافی، بدترین طرز حکمرانی نے ملک کھوکھلا کردیا ، اسلم غوری
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر مولانا شیخ ادریس کی المناک شہاد ت کے خلاف آج جمعہ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ترجمان جے یوآئی اسلم غوری نے بتایا تمام ضلعی اور صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر مظاہرے ہونگے ۔عوام پرامن مظاہروں میں شرکت کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں ۔خطبا اور آئمہ نماز جمعہ کے اجتماعات میں دہشت گردی کے خلاف اور اسلام کے پرامن نظریے پر خطبات دیں ۔ انہوں نے کہا حکمران ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھیں ،قاتلوں کو فوری گرفتار کریں ، جے یو آئی پرامن جماعت ہے ،اسے دیوار سے لگانے کی سازشیں بند کی جائیں ۔ انتخابات میں دھاندلی ، بدامنی ،مہنگائی ،بے انصافی اور بدترین طرز حکمرانی نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے۔