خلاف قانون کوٹہ پر بھرتی کلرک کی برطرفی کیخلاف اپیل خارج
پنجاب میں فوت ملازمین کے بچوں کو ملازمت دینے کا قانون ختم کیا جا چکا:جسٹس باقر ملازمین نے جتنا عرصہ کام کیا تنخواہیں، مراعات واپس نہیں لی جا سکتیں:چیف جسٹس
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) وفاقی آئینی عدالت میں دورانِ سروس فوت سرکاری ملازمین کے بچوں کو کوٹے پر ملازمت دینے سے متعلق کیس میں کوٹے پر بھرتی کلرک سمیعہ نذیر کی اپیل خارج کر دی، چیف جسٹس امین الدین خان کی زیر سربراہی بینچ نے سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ پہلے قرار دے چکی ہے کہ فیصلے سے قبل ہونے والی بھرتیاں برقرار رہیں گی، ان کی مؤکلہ پنجاب میں کوٹہ ختم ہونے سے پہلے بھرتی ہوئی تھی ۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب میں دوران سروس فوت ملازمین کے بچوں کو ملازمت دینے کا قانون ختم ہو چکا ہے ۔ جسٹس باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ پنجاب میں فوت ملازمین کے بچوں کو ملازمت دینے کا قانون ختم کیا جا چکا ہے ۔ چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے کہ خلاف قانون بھرتیاں متعلقہ اداروں نے کیں ملازمین کا قصور نہیں، ملازمین نے جتنا عرصہ کام کیا اس کی تنخواہیں اور مراعات واپس نہیں لی جا سکتیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے بھی برطرفی کے خلاف اپیلیں خارج کر دی تھیں۔