جنگ بندنہ ہوتی تو بھارت بہت نقصان اٹھاتا:محسن نقوی
اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارت کے اہم اہداف ہمارے نشانے پر تھے ، اگر جنگ بندی نہ ہوتی تو بھارت کا بہت زیادہ نقصان ہوتا، بھارت پاکستان کے خلاف مزید کوئی مہم جوئی کرنے سے پہلے کئی بار سوچے گا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دخلہ نے کہا کہ بھارت نے چھوٹے اور درمیانے سائز کے ڈرون ہمارے مختلف علاقوں میں بھیجے ، بھارتی ڈرون تھوڑی تعداد میں پاکستان پہنچے ، اکثر ڈرونز کو بارڈر پر ہماری رینجرز نے تباہ کیا، بھارت کی کوشش تھی کہ سائبر حملے کرے لیکن سائبر حملوں میں بھارت ہمارے نزدیک بھی نہیں آ سکا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے معرکہ حق میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا، یہ بتانا ضروری ہے کہ ہم نے معرکہ حق میں کیا کیا، پاکستان بھارت جنگ میں ڈرونز کا استعمال بہت تواتر سے ہوا جو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم کے گھر کے اوپر ہمارے ڈرون گھومتے رہے جس سے بھارتی خوف میں مبتلا تھے ، ہمارا ٹارگٹ بھارتی سویلین شہری نہیں تھے جبکہ انہوں نے ہماری سول آبادی کو نشانہ بنایا، ہماری رینجرز بارڈر کے بالکل ساتھ موجود تھی،بھارت کو سفید جھنڈے لہرانے پڑے ۔محسن نقوی نے کہا کہ بھارت سے جنگ میں پاکستانی میڈیا کا کردار قابل تعریف رہا، ہمارے میڈیا نے ایک پیغام کے ذریعے پوری قوم کو اکٹھا کیا،وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا، معرکہ حق میں بھارت کو اتنا نقصان پہنچا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف مزید کوئی مہم جوئی کرنے سے پہلے کئی بار سوچے گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ میں نے امریکا ایران معاملات کو ٹوٹتے جڑتے دیکھا ہے ، امریکا ایران جنگ بندی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں پر بھروسا رکھیں۔