کاروباری اداروں کیلئے این بی پی اسمارٹ پے متعارف
ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا مقصد ادائیگیوں کو آسان، محفوظ اور موثر بنانا ہے
کراچی(بزنس ڈیسک)نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی)نے این بی پی اسمارٹ پے متعارف کرادیا ہے ۔ اس جدید ڈیجیٹل ادائیگی پلیٹ فارم کا مقصد کاروباری اداروں کے مالی لین دین کے طریقے کو تبدیل کرنا ہے ۔این بی پی اسمارٹ پے جامع کیش مینجمنٹ حل ہے جو کارپوریٹ، کمرشل اور ایس ایم ای صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے ۔ یہ پلیٹ فارم کاروباری اداروں کیلئے ادائیگیوں کو آسان، محفوظ اور موثر بناتا ہے ۔ اس جدید پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف بنیادی مالیاتی خدمات کو ایک صارف دوست ڈیجیٹل انٹرفیس میں یکجا کیا گیا ہے جس سے مالیاتی معاملات کی انجام دہی میں شفافیت اور سہولت حاصل ہوتی ہے۔
این بی پی اسمارٹ پے کے ذریعے کاروباری ادارے باآسانی وینڈرز ادائیگیاں، پے رول پروسیسنگ، یوٹیلیٹی بلز اور ٹیکس واجبات کی ادائیگی سمیت متعدد مالی معاملات انجام دے سکتے ہیں۔ این بی پی کے صدر اور سی ای او رحمت علی حسنی نے کہا ہے کہ این بی پی اسمارٹ پے کا آغاز ہمارے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں سنگ میل ہے ۔این بی پی کے چیف ڈیجیٹل آفیسر عدنان ناصر نے کہا کہ این بی پی اسمارٹ پے جدت اور صارف مرکز مالیاتی حل فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔