معرکہ حق ہمارا سر فخر سے بلند، بیانیے کی فتح ہوئی، وزیر اطلاعات
فتح کے بعد آج دنیا پاکستان کو ایک سنجیدہ اور مضبوط ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے ایک سال مکمل ہونے پرقوم کو مبارکباد، یہ قومی عزم، جذبے کی علامت ، خطاب
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی پر نہ صرف ہمارا سر فخر سے بلند ہوا بلکہ ہمارے بیانیے کی بھی فتح ہوئی، قوم حکومت اور اداروں کے ساتھ ہے ، ‘‘معرکہ حق ’’میں فتح کے بعد آج دنیا پاکستان کو ایک سنجیدہ و مضبوط ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے معرکہ حق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،یہ قومی عزم، جذبے اور ویژن کی علامت ہے ،موجودہ دور میں جنگ کے تقاضے بدل گئے ہیں ،صحافیوں نے ایل او سی کا دورہ کر کے بھارتی دعوئوں کو بے نقاب کیا،پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے ، ہماری قربانیاں دنیا کے امن کے لئے ہیں ، مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ،عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے کشیدگی کے دوران ذمہ دارانہ کردار ادا کیا،بھارتی میڈیا نے حقائق کے برعکس بے بنیاد صحافت کی، انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے جھوٹے پر اپیگنڈے کے خلاف اسی طرح جدوجہد جاری رکھیں گے ، سول و عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی موجود ہے ، وزیراعظم کا ویژن اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمت عملی اور سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج آ رہے ہیں جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔