میٹرک نتائج تشویشناک،ملک میں 5 لاکھ طلباء فیل،پنجاب سرفہرست

 میٹرک نتائج تشویشناک،ملک میں 5 لاکھ طلباء فیل،پنجاب سرفہرست

پنجاب میں 3 لاکھ 58 ہزار طلباء ناکام رہے :آئی بی سی سی کی جاری سالانہ رپورٹ

لاہور(خبر نگار)ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے میٹرک نتائج نے خطرے کی گھنٹی بجا دی،انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن(آئی بی سی سی)کی سالانہ رپورٹ برائے 2025 کے مطابق 5 لاکھ سے زائد طلباء امتحانات میں ناکام ہوئے ،فیل ہونیوالوں میں سب سے زیادہ تعداد پنجاب کے طلباء کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں میٹرک کے امتحان میں فیل ہونے والے طلباء کی تعداد 3 لاکھ 58 ہزار سے تجاوز کر گئی، صرف لاہور بورڈ میں 87 ہزار 419 طلباء میٹرک امتحانات پاس نہ کر سکے ۔ پختونخوا میں 4 لاکھ 44 ہزار امیدواروں میں سے 80 ہزار 558 طلباء ناکام ہوئے ، سندھ میں 4 لاکھ 50 ہزار امیدواروں میں سے تقریباً 51 ہزار ،کوئٹہ بورڈ میں 78 ہزار 839 امیدواروں میں سے 9ہزار 797 اوروفاقی بورڈ میں 1 لاکھ 37 ہزار امیدواروں میں سے 15 ہزار798 طلباء امتحان پاس نہ کر سکے ۔ماہرین تعلیم نے نتائج کو تدریسی معیار، نصاب اور طلباء کی تیاری میں سنگین خامیوں کا عکاس قرار دیتے کہا ہے کہ سکولوں میں بنیادی تعلیمی صلاحیتوں پر توجہ کم ہو رہی ہے ، امتحانی نظام بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں۔ ماہرین نے اساتذہ کی تربیت، نصاب میں بہتری اور امتحانی نظام میں فوری اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو تعلیمی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں