جے یو آئی کے مولانا ادریس کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرے
لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں مظاہرین کا قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ جب تک ملزم پکڑے نہیں جاتے حکومت ہی شیخ ادریس کی قاتل ہے : اسلم غوری
لاہور، اسلام آباد، کراچی، قلات (سیاسی نمائندہ، اپنے رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور بزرگ عالم دین مولانا شیخ ادریس کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف لاہور، اسلام آباد، کراچی، قلات سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ مظاہرین نے مولانا محمد ادریس کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر لاہور میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ قلعہ گجر سنگھ میں جے یو آئی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا امجد خان، پروفیسر ڈاکٹر حافظ غضنفر عزیز نے مظاہرے کی قیادت کی جبکہ لاجپت روڈ شاہدرہ میں ضلعی ناظم مالیات قاری غلام حسین اور مولانا شبیر احمد عثمانی پیش پیش رہے ۔ایل ڈی اے گول چکر گجومتہ میں حافظ عبدالرحمن، مولانا امجد سعید، مولانا اسعد عبید اور مولانا مقصود الوری کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا۔ اسی طرح غالب مارکیٹ گلبرگ، مصطفی آباد (دھرم پورہ) اور تحصیل رائیونڈ میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے ۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علما کرام، دینی مدارس اور مذہبی شخصیات کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے مگر حکومتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علما اور دینی مراکز کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کئے جائیں۔اسلام آباد میں مفتی اویس عزیز کی زیر قیادت مظاہرے میں کارکنوں اور قائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر جے یو آئی ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ جب تک قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاتا تب تک موجودہ حکومت ہی شیخ ادریس کی قاتل ہے ، سکیورٹی اداروں کی مسلسل ناکامیاں اب برداشت سے باہر ہو چکی ہیں۔