اسحاق ڈار کاپاکستانی و ایرانی ملاحوں کی واپسی کیلئے سنگاپور سے رابطہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انہوں نے سنگاپور کے حکام سے ان 11 پاکستانی اور 20 ایرانی ملاحوں کی بحفاظت واپسی کے لیے مدد طلب کی ہے۔
جو اس وقت سنگاپور کی سمندری حدود کے قریب امریکی حکام کے قبضے میں موجود بحری جہازوں پر سوار ہیں۔وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں اپنے سنگاپوری ہم منصب ویوین بالا کرشنن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ۔واضح رہے کہ یہ ملاح ان بحری جہازوں پر موجود ہیں جنہیں امریکی حکام نے اپنی تحویل میں لے رکھا ہے ۔ یہ جہاز اس وقت سنگاپور کی سمندری حدود کے قریب لنگر انداز ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا سنگاپور سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان ملاحوں کی فلاح و بہبود اور ان کی جلد از جلد وطن واپسی میں ممکنہ سہولت کاری فراہم کرے ۔ دفترِ خارجہ اور متعلقہ حکام امریکی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں تاکہ اپنے شہریوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جا سکے ۔