آسٹریلیا :کالعدم بی ایل اے ،3سینئر رہنمائوں پر پابندیاں عائد
بشیر زیب ، حمل ریحان ، جنید بلوچ ،تنظیم کیساتھ لین دین پر10سال قید
اسلام آباد(دنیا نیوز)آسٹریلیا نے کالعدم بی ایل اے اور تنظیم کے تین سینئر رہنمائوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں ،آسٹریلوی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کالعدم تنظیم پاکستان میں دہشتگردانہ حملوں میں ملوث ہے ، ان حملوں میں پاکستانی اور غیر ملکی شہریوں، اہم تنصیبات اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا گیا،بیان کے مطابق آسٹریلیا کا دہشتگردی اور پرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کا عزم غیرمتزلزل ہے ، بیان میں مزید کہا گیا کہ پابندیوں کا مقصد دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنا ہے تاکہ ان کے لیے کارروائیاں کرنا، بھرتیاں کرنا اور انتہاپسند نظریات پھیلانا مشکل بنایا جاسکے ،آسٹریلوی حکومت نے کہا کہ وہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایسے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی جو علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرات کا باعث بنتے ہیں،بیان میں مزید کہا گیا کہ پابندیوں کی زد میں آنے والے سربراہ کالعدم بی ایل اے بشیر زیب ، سینئر رہنمائوں حمل ریحان بلوچ ، جنید بلوچ اور تنظیم کے ساتھ لین دین یا انہیں مالی وسائل فراہم کرنا آسٹریلوی قانون کے تحت جرم ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے اور 10 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے ،آسٹریلوی حکومت کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف پابندیوں کا مقصد عالمی امن و سلامتی کا تحفظ یقینی بنانا ہے ۔