پاکستان ، چین کی کمپنیوں میں متعدد معاہدے ، ایم او یوز پر دستخط

 پاکستان ، چین کی کمپنیوں میں متعدد معاہدے ، ایم او یوز پر دستخط

بیٹری سٹوریج سیکٹر میں سب سے بڑی سرمایہ کاری 8 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل گئے :ہارون اختر ،لاہور میں خطاب

لاہور،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی)لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس کے موقع پر دونوں ممالک کی کمپنیوں کے مابین متعدد ایم او یوز اور تجارتی معاہدے طے پا گئے ،وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی موجودگی میں اہم معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کئے گئے ،کانفرنس میں چین کی 74 کمپنیوں کے 105 نمائند ے اور پاکستان کی 136 کمپنیوں کے 242 نمائندے شریک ہوئے ، گھریلو برقی آلات کے شعبے میں 15 ایم او یوز پر دستخط ہوئے ، اس شعبے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری 4 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی، الیکٹریکل سیکٹر میں 10 معاہدے، سب سے بڑا معاہدہ 6 کروڑ ڈالر مالیت کا طے ہوا ،بیٹری سٹوریج سیکٹر میں 27 معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط ہوئے، سب سے بڑی سرمایہ کاری 8 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک ریکارڈ ہوئی ، مزید 40 ایم او یوز پر مذاکرات جاری ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی استحکام اور صنعتی ترقی کی جانب گامزن ہے ، پاک -چین کمپنیوں کے درمیان معاہدوں سے مختلف شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل گئے ، صنعتی و تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ،پاک چین دوستی معاشی شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہو چکی ۔معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ پاک چین اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ،پاکستان چین تعاون کا اگلا مرحلہ صنعتی گہرائی اور ٹیکنالوجیکل انضمام پر مبنی ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حالیہ ایران ،امریکا کشیدگی میں اپنی دور اندیشی سے خطے کو بڑے بحران سے بچایا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں