مولانا ادریس کی شہاد ت اُمہ کیلئے بڑا نقصان ، ایرانی سفیر
رضا امیری کا فضل الرحمن کو تعزیتی خط ، شیخ ادریس کی رحلت پر اظہار افسوس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو خط لکھ کر عالم دین شیخ محمد ادریس کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایرانی سفیر نے اپنے تعزیتی خط میں کہا شہید عالم دین کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کے لیے مغفرت اور بلندی درجات کی خصوصی دعا بھی کی۔ رضا امیری مقدم نے لکھا کہ مولانا ادریس کی شہادت پوری امت مسلمہ کے لیے بہت بڑا نقصان ہے ۔ حق، سچائی اور استقامت کی آوازوں کو دبایا جا سکتا ہے نہ دشمن کی سازشیں علمائے حق کے حوصلے پست کر سکتیں ہیں، ایسے واقعات امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عزم کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔