شفافیت،مضبوط مالیاتی حکمرانی معاشی استحکام کیلئے ناگزیر:ڈار

شفافیت،مضبوط مالیاتی حکمرانی  معاشی استحکام کیلئے ناگزیر:ڈار

اسلام آباد(اے پی پی)نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شفافیت، جوابدہی اور مضبوط مالیاتی حکمرانی پائیدار اقتصادی ترقی، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی استحکام کیلئے ناگزیر ہیں۔۔۔

سٹریٹجک اصلاحات، علاقائی روابط، مالیاتی نظم و ضبط اور ادارہ جاتی مضبوطی پاکستان کو ایک مضبوط اور پائیدار معیشت کے طور پر آگے بڑھا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ ساؤتھ ایشین فیڈریشن آف اکاؤنٹنٹس(سافا ) کی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔اسحاق ڈار نے انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس پاکستان کو اکاؤنٹنگ اور فنانس کے شعبے میں 75 سالہ شاندار خدمات اور پاکستان میں ادارہ جاتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر مبارکباد پیش کی ،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شفافیت، جوابدہی اور مضبوط مالیاتی حکمرانی پائیدار اقتصادی ترقی، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی استحکام کیلئے ناگزیر ہیں۔

اسحاق ڈار نے اکاؤنٹنگ کے شعبے پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے انقلابی اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی رجحانات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا سٹریٹجک اصلاحات، علاقائی روابط، مالیاتی نظم و ضبط اور ادارہ جاتی مضبوطی پاکستان کو ایک مضبوط اور پائیدار معیشت کے طور پر آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن، استحکام، مکالمے اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ساؤتھ ایشین فیڈریشن آف اکاؤنٹنٹس کے پلیٹ فارم کے ذریعے علاقائی تعاون، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور حکومت پاکستان کی اصلاحات کیلئے وابستگی، کارکردگی، جوابدہی، پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔اسحاق ڈار نے کانفرنس کے موقع پر سافا عہدیداروں سے سائیڈ لائنز میں ملاقاتیں کیں ،جس دوران انہوں نے جنوبی ایشیا میں مشترکہ ترقی اور جدت کیلئے علاقائی اداروں کے درمیان تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں