معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح:قیصر شیخ
چنیوٹ (اے پی پی) وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے ، لوگوں کیلئے فلاحی اور طبی منصوبوں کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔
حکومت عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ، دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس میں مستحق اور نادار افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فری میڈیکل کیمپ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا حکومت اور فلاحی اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔ صحت عامہ کے شعبہ میں مزید بہتری کیلئے ایسے فلاحی اور طبی منصوبوں کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔ معاشرے کے مخیر حضرات، ڈاکٹرز اور فلاحی تنظیمیں اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں تو صحت کے شعبہ میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے ۔