لاہور میں سرپلس بجلی کے باوجود3گھنٹے لوڈ شیڈنگ،شہری پریشان

لاہور  میں  سرپلس بجلی  کے  باوجود3گھنٹے  لوڈ  شیڈنگ،شہری  پریشان

مختلف علاقوں میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ ، گھریلو ، کاروباری سرگرمیاں متاثر ،ترقیاتی کاموں ،تکنیکی وجوہات پربھی بجلی بند ٹنڈوالہ یار گردونواح میں شدید گرمی کے دوران 18سے 20گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کاجینامحال

 لاہور، ٹنڈوالہ یار(آن لائن،این این آئی) لاہورکے مختلف علاقوں میں بجلی کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ہائی لائن لاسز والے علاقوں میں 2 سے 3 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے گھریلو اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔بعض علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور تکنیکی وجوہات پر بھی بجلی بند کی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق لیسکو سسٹم میں 150 میگاواٹ سرپلس بجلی کے باوجود لوڈشیڈنگ کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ لیسکو کی مجموعی ڈیمانڈ 2200 میگاواٹ ہے جبکہ نیشنل پاور کنٹرول سینٹر سے 2350 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے ۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔دوسری جانب سندھ میں شدید گرمی کے دوران حیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، کئی کئی گھنٹے مرمت کے نام پر بجلی بندش بھی معمول بن گئی ۔ ٹنڈوالہ یار کے مختلف علاقوں میں 18 سے 20 گھنٹے تک اعلانیہ وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔شہریوں کاکہناہے کہ بجلی کی طویل بندش نے زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ مسلسل سات سات گھنٹے بجلی بند رکھنے کے بعد ہر دو گھنٹے بعد دوبارہ لوڈشیڈنگ ناانصافی ہے ۔شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہ کیا گیا تو عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں