سینیٹ میں تلاوت کے بعد نعت بھی پڑھی جائیگی، قرارداد منظور

 سینیٹ میں تلاوت کے بعد نعت بھی پڑھی جائیگی، قرارداد منظور

اسلام آباد میٹرنٹی بل اور مفت تعلیم کے حق کا ترمیمی بل منظور، 5 بلز واپس

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ، اے پی پی) سینیٹ آف پاکستان نے پیر کو متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کر لی جس کے تحت سینیٹ اجلاس کے آغاز پر تلاوتِ قرآنِ پاک کے بعد نعتِ رسولِ مقبولﷺ بھی پڑھی جائے گی۔یہ قرارداد عبدالقادر نے پیش کی  جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ قرارداد کے مطابق قومی اسمبلی کی طرز پر اب سینیٹ کے اجلاس کا آغاز بھی تلاوتِ قرآنِ پاک کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا جائے گا۔علاوہ ازیں سینیٹ نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میٹرنٹی ترمیمی بل اور مفت تعلیم کے حق کا ترمیمی بل 2022 بھی منظور کر لئے جبکہ پانچ نجی بلز واپس لے لئے گئے۔

سینیٹر عبدالقادر نے پاسپورٹ ترمیمی بل 2026 پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی سینیٹر کی مدت پوری نہ ہو تو اسے بھی بلیو پاسپورٹ ملنا چاہیے ۔ایوان میں مجموعہ ضابطہ فوجداری ترمیمی بل 2026، اقرا گلوبل یونیورسٹی بل 2026، بیرونی سرمایہ کاری (فروغ و تحفظ) ترمیمی بل 2026، اسلام آباد انٹرنیشنل یونیورسٹی پاکستان بل 2026 اور اراکین پارلیمنٹ تنخواہیں و الاؤنسز ترمیمی بل 2026 متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے گئے جبکہ البیرونی انٹرنیشنل یونیورسٹی بل 2025 مؤخر کر دیا گیا۔ایوان میں بنوں کے پولیس شہدا کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی، بعدازاں سینیٹ کا اجلاس آج شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں