پنجاب اسمبلی:معرکہ حق کو سال مکمل ہونے پر قرار داد منظور
مجتبیٰ شجاع کی قرارداد متفقہ طور پر منظور ،ڈپٹی سپیکر،اپوزیشن میں تلخ کلامی
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں معرکہ حق بنیان مرصوص کو ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف، مسلح افواج، سکیورٹی اداروں اور شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پوری قوم نے ون نیشن ون وائس کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کیا جبکہ افواج پاکستان بنیان مرصوص یعنی سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئیں ،پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ پچیس منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا ، اجلاس کے آغاز پر حکومتی بینچوں پر صرف اکیس ارکان موجود تھے ۔سپیکر نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر قسم کی نسلی، مذہبی اور گروہی تفریق سے بالاتر ہو کر ملکی دفاع کیلئے متحد ہے ، معرکہ حق کا جشن پورے ملک میں جوش و خروش سے منایا گیا۔
وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے قرارداد ایوان میں پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا،اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے کہا کہ ملک بھی ہمارا اور فوج بھی ہماری ہے ، انہوں نے پاک فضائیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جے ٹین سی طیاروں نے بھارت کو شکست دی اور پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ، حکومتی رکن احمد سعید خان نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ پاکستان پر ڈالنے کیلئے جھوٹا بیانیہ بنایا مگر افواج پاکستان اور حکومت نے دنیا کے سامنے حقیقت واضح کی، اجلاس کے دوران ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ اور اپوزیشن ارکان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا،حکومتی رکن امجد علی جاوید نے سینئر سیاستدان ایوب خان گادھی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں پر حملے ناقابل برداشت ہیں۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔