سندھ اسمبلی :افواج پاکستان کو سلام کی قرارداد منظور
زرداری ،شہباز شریف ،فیلڈ مارشل ، سروسز چیفس کو خراج تحسین پیش معرکہ حق تاریخی دن، ہم 74کے 74طیارے گرا سکتے تھے ،مرادشاہ کاخطاب
کراچی (نیوز ایجنسیاں)سندھ اسمبلی میں معرکہ حق کی کامیابی کاایک سال مکمل ہونے پر شہدا کو خراج عقیدت، افواج پاکستان کو سلام، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سروسز چیفس کی قیادت کو خراج تحسین کی قراردادمنظور کی گئی، جس میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہا اوربلاول بھٹو زرداری کی سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے معرکہ حق کی قرارداد سندھ اسمبلی میں پیش کی۔مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا معرکہ حق ہمارے لئے تاریخی دن ہے۔
ایک سال قبل پوری قوم نے اکٹھا ہوکر دشمن کو جواب دیا ، بھارت نے ہمارے سویلینز پر حملہ کیا تھا ، وہ کہتا تھا رافیل ہیں ہمارے پاس، رافیل چلانے کے لیے بھی دل چاہئے ،بھارت کے 8 طیارے پاکستان کے شاہینوں نے گرائے تھے ، ہم اس دن 74 کے 74 طیارے گرا سکتے تھے ، پاکستان نے صرف ان کا غرور توڑا۔ پاکستان اس دن بہت زیادہ نقصان بھارت کو پہنچا سکتا تھا،میری دن 11 بجے چیئرمین بلاول بھٹو سے بات ہوئی ،اسی وقت پتہ چل گیا تھا بھارت ہار مان چکا تھا، ایسے مواقع کو ہمیں سیلیبریٹ کرنا چاہئے ۔