کیا اندھیر نگری مچی ہے ، شہری کو اٹھا لیا گیا:لاہور ہائیکورٹ
اوورسیز پاکستانی کوبازیاب کروا کر آر پی او گجرات ذاتی حیثیت میں طلب احسان اللہ کا کوئی پتہ نہیں کہاں،اسکی زندگی خطرے میں ہے :درخواستگزار
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ میں اوورسیز پاکستانی احسان اللہ کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ، جسٹس شہرام سرور چودھری نے اوورسیز پاکستانی کو بازیاب کروا کر آر پی او گجرات کو ذاتی حیثیت میں 19 مئی کو طلب کرلیا ۔عدالت نے پولیس انسپکٹر کی غلط بیانی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ کیا اندھیر نگری مچی ہے ، شہری کو اٹھا لیا گیا۔زبیر خالد ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ احسان اللہ اور شفقت ثقلین 25 سال سے بیرون ملک ہیں، وطن واپسی پر 12 مارچ رات 3 بجے سی سی ڈی انسپکٹر فراست علی دیگراہلکاروں کے ہمراہ دونوں بھائیوں کو اٹھا کر لے گیا،دونوں بھائیوں کو چھوڑنے کیلئے 13 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا، انسپکٹر فراست علی نے شفقت ثقلین کو چھوڑ دیا لیکن احسان اللہ کو نہ چھوڑا، دونوں بھائیوں کیخلاف زندگی میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا،احسان اللہ کا کوئی پتہ نہیں وہ کہاں ہے ، بھائی کی زندگی خطرے میں ہے ۔استدعا ہے کہ عدالت احسان اللہ کو بازیاب کراکے رہا کرنیکا حکم دے ۔