اب صرف اعلان نہیں عملی اقدامات کیے جاتے ہیں :عظمیٰ
لاہور(سٹاف رپورٹر،اے پی پی )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کابینہ کے حالیہ اجلاس میں عوامی مفاد کے متعدد تاریخی فیصلے کئے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت کی طرف سے قائم کردہ انشورنس کمپنی کےتحت صوبائی ملازمین کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی انشورنس کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ، پنجاب کابینہ نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ، تاریخ میں پہلی بار کچے کی مستقل ترقی کیلئے 23 ارب روپے کا خطیر فنڈ مختص کیا گیا ، اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم میں کچے کے لوگوں کو ترجیح دی جائے گی ،اس سکیم کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی اور اب تک 2 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے مینارٹی کارڈ کے فنڈز میں اضافے کی بھی منظوری دی ہے تاکہ اقلیتی برادری کی بہتر مالی معاونت ہو سکے ،پنجاب میں اب صرف منصوبوں کے اعلان نہیں عملی اقدامات ہوتے ہیں بلکہ انہیں دنوں میں مکمل کیا جاتا ہے ، پنجاب حکومت کی جانب سے مقررہ مدت سے پہلے منصوبوں کی تکمیل اب قومی معیار بن چکا۔