ملک اور بلوچستان کی ترقی کے مخا لفین کو شکست دیں گے:بلاول

ملک  اور  بلوچستان  کی  ترقی  کے  مخا لفین  کو  شکست  دیں  گے:بلاول

پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام دوست ، غریب دوست سیاست کی ،اسی طرح محنت کریں گے تو ضرور کامیاب ہونگے خطے میں مشکلات،معاشی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے ،کوئٹہ میں بینظیر ایمبولینس سروس کے افتتاح پر خطاب

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امیر اور غریب کے لیے صحت کا نظام برابر ہونا چاہیے ، پی پی نے ہمیشہ عوام دوست اور غریب دوست سیاست کی ہے ،ہم اسی طرح محنت کریں گے تو ضرور کامیاب ہوں گے ، جو اپنے ملک اور صوبے کی ترقی کے مخالفین ہیں ہم ان کوشکست دیں گے ۔کوئٹہ میں پیپلز ایئر ایمبولینس اور بے نظیر ایمبولینس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ہر شہری کا حق ہے کہ انھیں مفت اور معیاری صحت سہولتیں ملیں، صحت کی سہولت عوام کو انکی دہلیز پر ملنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پورے خطے اور دنیا میں بہت مشکلات ہیں، اسی وجہ سے معاشی مشکلات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام دوست، غریب دوست سیاست کرتی ہے ، حکومت سازی کے وقت وزیراعلیٰ سے کہا تھا جو سندھ میں سہولتیں ہیں، وہ بلوچستان میں شروع کریں، ایئر ایمبولینس بلوچستان میں ضروری تھی، آج اس کا افتتاح کر دیا ہے ۔بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ کوئٹہ میں نیا ٹراما سینٹر بنا ہے ، جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، 11 منصوبوں کا افتتاح کر رہا ہوں، عید کے بعد میں دوبارہ کوئٹہ آؤں گا۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی جلد بلوچستان دوبارہ آؤں گا، عوام کی خدمت ہمارا عزم ہے ، بہت خوش ہوں کہ بیسک ہیلتھ یونٹس کو آپریشنل کیا گیا۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ پولیو ویکسی نیشن مہم شہید بے نظیر بھٹو نے اپنے دور میں شروع کی، بلوچستان کے 8 ڈسٹرکٹ میں چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے ساتھ کام کیا جارہا ہے ۔اُن کا کہنا تھا کہ ڈائلیسز کی سہولت دور دراز علاقوں میں پہنچنا اہم ہے ، ایس آئی یو ٹی کی سہولت بلوچستان میں پہنچانے کی کوشش کریں گے ،مفت اور معیاری علاج ملنا ملک کے ہر شہری کا حق ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں