پٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو ملک گیر احتجاج ہوگا:حافظ نعیم
اب تک پٹرولیم لیوی سے 8ہزار 66ارب اکٹھے کئے ، آئینی عدالت میں چیلنج کرینگے چچا اور بھتیجی عوام کے پیسوں سے اپنی تشہیر بھی بند کریں :مظاہرے سے خطاب
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو ملک گیر شٹر ڈاؤن ، پہیہ جام ہوگا، سڑکیں بلاک کردیں گے ، حکمران عوام کا خون نچوڑنا بند کریں، 18 مئی کو پٹرولیم لیوی کو آئینی عدالت میں چیلنج کرینگے ، وزیراعظم سینے پر پتھر رکھ کر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے اعلانات کے ڈرامے بند کریں ، چچا اور بھتیجی عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے اپنی تشہیر اور بہتر کارکردگی کے دعوے کرنا بھی بند کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد آب پارہ چوک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا ،امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم ، امیر کے پی وسطی عبدالواسع اور سیکرٹری اسلام آباد جماعت زبیر صفدر نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔ مظاہرے میں خواتین کی بھی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا اسلام آباد سے مہنگائی کے خلاف تحریک کا آغاز ہوگیا، ہفتہ کو چترال اور اس سے اگلے روز دیر پائیں میں تاریخی جلسے ہوں گے ، جاری احتجاجی تحریک میں عید کے بعد مزید تیزی آئے گی ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اب تک پٹرولیم لیوی سے 8 ہزار 66 ارب اکٹھے کئے ،حکمران عوام سے ٹیکس وصول کرکے عیاشیاں کرتے اور آئی پی پیز مالکان کا پیٹ بھرتے ہیں، حکمرانوں نے پٹرولیم لیوی لگا کر صرف موٹر سائیکل سواروں سے 6 ہزار ارب بٹور لئے ، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کچھ وزراء نے پٹرولیم کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا عندیہ دیا ہے ، حکمران ایسا کرنے سے باز رہیں، ایسا نہ ہو کہ عوام کا غضب انہیں حسینہ واجد کی طرح بھاگنے کا موقع بھی نہ دے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے عوام سے ٹیکس اکٹھا کرکے آئی پی پیز مالکان کو 34 سو ارب دے دئیے ، ٹیکس کے اہداف کے حصول اور اشرافیہ کو نوازنے کیلئے غریبوں کا خون چوسنے کا سلسلہ بند کیا جائے ، صرف پنجاب میں 1 کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، انہیں سکول بھیجنے کی بجائے پنجاب میں سکولوں کو ہی بیچا جارہا ہے ، دھاندلی سے مسلط ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ،مسلط اشرافیہ 79 برس سے قوم کو نچوڑ رہی ہے ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پٹرول کی ایک لٹر قیمت 415 روپے میں سے 120لیوی اور 50 روپے دیگر ٹیکسوں کی مد میں وصول کیے جارہے ہیں، حکومت بجلی کے بلوں پر بھی کئی قسم کا ٹیکس وصول کرتی ہے ، گیس مہنگی ہے ، سولر پر ٹیکس لگا دیا گیا، حکمران تمام ظالمانہ اقدامات واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ فرسودہ نظام کو ہی بدلنا پڑے گا، عوام بڑی جدوجہد کی تیاری کریں۔