ہنگامہ آرائی کیس:پی ٹی آئی رہنما راجہ اظہر، فہیم خان اوردیگر بری
کراچی (سٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف ہنگامہ آرائی اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے راجہ اظہر، فہیم خان، شاہنواز جدون اور محمد شہزاد کو بری کر دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ استغاثہ ملزموں کے خلاف عائد الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ عدالت کے مطابق استغاثہ کے گواہوں کے بیانات میں واضح تضاد پایا گیا، جس کے باعث مقدمہ شک و شبہ سے بالاتر ثابت نہیں ہوسکا۔ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ حلیم عادل شیخ کی جیل سے رہائی کے بعد دوسرے مقدمے میں اینٹی انکروچمنٹ حکام کی جانب سے گرفتاری کے دوران ملزموں نے مزاحمت کی اور ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے کار سرکار میں مداخلت کی۔ عدالت نے شواہد اور گواہوں کے بیانات کا جائزہ لینے کے بعد تمام ملزموں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم جاری کردیا۔