امیر جے یو آ ئی آزاد کشمیر پر پتھروں و ڈنڈوں سے حملہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف خان پر گوراہ کے مقام پرحملہ کیا گیا تاہم وہ محفوظ رہے ۔
مولانا سعید یوسف انتخابی مہم کے سلسلے میں پلندری سے دیوان گوراہ میں ایک پروگرام سے خطاب کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے ان کے قافلے کا راستہ روک لیا، شدید نعرے بازی کی اور پروگرام منعقد نہ ہونے دیا ۔عینی شاہدین کے مطابق مشتعل افراد نے مولانا کے قافلے پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں،تاہم مولانا سعید یوسف اس حملے میں محفوظ رہے ۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حالات پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جا رہی ہے ۔