کوکین کوئن کی پیشی معمہ بن گئی، وکلا انتظار کرتے رہے

کوکین کوئن کی پیشی معمہ بن  گئی، وکلا انتظار کرتے رہے

کراچی (سٹاف رپورٹر) منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی عدالت میں پیشی معمہ بن گئی، سٹی کورٹ کراچی میں ملزمہ کے وکلا پیشی کے انتظار میں بیٹھے رہے لیکن پولیس کی جانب سے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

سیشن عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو 13 مئی سے 15 مئی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں دینے کا حکم دیا تھا۔ قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل سندھ منتظر مہدی کے مطابق ملزمہ پنکی کا جمعہ کو جسمانی ریمانڈ مکمل نہیں ہوا، اسے ہفتہ کو ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کیلئے درخواست دائر کی جائے گی۔ منتظر مہدی کے مطابق ملزمہ کے مقدمات کی پیروی کیلئے پراسیکیوٹرز کی خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ، جو انمول عرف پنکی کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھے گی۔دوسری جانب ملزمہ کے وکیل پیر ہدایت اللہ ایڈووکیٹ نے دعویٰ کیا کہ انمول کو یکم مئی کو لاہور سے حراست میں لیا گیا اور اس حوالے سے لاہور میں مسنگ پرسن کی فائل بھی موجود ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی موکلہ کو غیر قانونی طور پر تحویل میں رکھا گیا اور بعد ازاں جھوٹے مقدمات میں گرفتار ظاہر کیا گیا۔ پیر ہدایت اللہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ انہوں نے انمول کے دو مقدمات میں وکالت نامہ جمع کرا دیا ہے ۔ ان کے مطابق جمعہ کو ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا جانا تھا لیکن پولیس نے نہ صرف پیش نہیں کیا بلکہ عدالت میں کسی قسم کی رپورٹ یا اطلاع بھی جمع نہیں کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ انمول عرف پنکی کی گزشتہ رات طبیعت خراب ہوگئی تھی، جس پر اسے سانس لینے میں دشواری اور گردوں میں درد کی شکایت کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں