پنجاب کے عوام اپنی وزیر اعلیٰ پر بلاوجہ فخر نہیں کرتے :عظمیٰ بخاری
مریم نواز تعریف کی مکمل حقدار ،انہوں نے صوبے کی شکل بدل کر رکھ دی :بیان وزیر اطلاعات پنجاب نے اچھرہ بازار کی تزئین و آرائش کے بعد کی ویڈیو شیئر کر دی
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ \"ایکس\"پر لاہور کے تاریخی اچھرہ بازار کی تزئین و آرائش کے بعد کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی ویژن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام اپنی وزیر اعلیٰ پر بلاوجہ فخر نہیں کرتے بلکہ ان کی کارکردگی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز اس تعریف اور پذیرائی کی مکمل حقدار ہیں کیونکہ انہوں نے مختصر عرصے میں صوبے کی شکل بدل کر رکھ دی ۔ انہوں نے اچھرہ بازار کی نئی اور دلکش صورتحال پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ماشائاللہ!اچھرہ بازار کی نئی لُک دیکھ کر دل کر رہا ہے کہ میں خود بھی وہاں کا ایک چکر لگاؤں، صرف لاہور نہیں بلکہ مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر پنجاب کے تمام شہروں میں \'بیوٹیفکیشن پروجیکٹس\' پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ انہوں نے لاہور کے انارکلی بازار، فیصل آباد کے گھنٹہ گھر بازار اور راولپنڈی کے راجہ بازار کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان تاریخی مقامات کی خوبصورتی اب دیدنی ہے اور عوام کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آ رہی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کا مقصد پنجاب کے ہر شہر کو لاہور جیسا خوبصورت، جدید اور سہولیات سے آراستہ بنانا ہے ، صوبے بھر میں جاری ان منصوبوں سے نہ صرف شہروں کا حسن بحال ہو رہا ہے بلکہ تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔