آٹا،چینی ،ٹماٹر،پیاز سمیت23اشیائے ضروریہ مہنگی:مہنگائی کی سالانہ شرح 14.52فیصد ہوگی
تازہ دودھ، چینی، آلو اور دہی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ، ڈیزل کی قیمت میں 3.76اور پٹرول میں 3.73فیصد اضافہ چکن 6.34،انڈے 3.83اورایل پی جی کی قیمت 1.23فیصد کم،ہفتے میں مہنگائی شرح میں0.47فیصداضافہ :شماریات
اسلام آباد(دنیا نیوز)ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سامنے آنے لگے ہیں، جہاں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.47 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 14.52 فیصد تک پہنچ گئی۔ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ صرف 9 اشیاء سستی ہوئیں۔ مہنگی ہونے والی اشیاء میں کھانے پینے کی اشیاء اور سبزیاں نمایاں رہیں،ٹماٹر کی قیمت میں 22 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جبکہ گندم کے 20 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 5 فیصد مزید مہنگا ہوگیا۔ اسی دوران ڈیزل کی قیمت میں 3.76 فیصد اور پٹرول میں 3.73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیلے 1.93 فیصد جبکہ پیاز تقریباً 3 فیصد مہنگی ہوئی، تازہ دودھ، چینی، آلو اور دہی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔سالانہ بنیادوں پر گندم کا آٹا 57 فیصد سے زائد مہنگا ہوچکا ہے ، جبکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 64 اور 61 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب چند اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی، جہاں چکن 6.34 فیصد اور انڈے 3.83 فیصد سستے ہوئے ، جبکہ گزشتہ ہفتے ایل پی جی کی قیمت میں بھی 1.23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔