آپریشن سندور پرجھوٹی دستاویزی فلم،بھارتی پراپیگنڈابے نقاب
فلم کا پورا سکرپٹ، تمام کردار، مناظر مکمل جعلی اور اے آئی کے ذریعے تیار کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص کے سامنے بھارتی قیادت کی عوام کومطمئن کرنیکی کوشش ناکام
اسلام آباد(دنیا رپورٹ)بھارت کی آپریشن سندور پر جھوٹی اور اے آئی جنریٹڈ دستاویزی فلم، پاکستانی سچائی اور اعلیٰ معیار کے سامنے ڈھیر ہوگئی،بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا پھیلانے اور من گھڑت کہانیاں تراشنے کی ایک اور شرمناک کوشش بری طرح بے نقاب ہو گئی ہے ، بھارتی نیوز چینل ‘‘ریپبلک نیوز’’نے آپریشن سندور کے نام پر ایک مبینہ دستاویزی فلم نشر کی ہے ، جس کا پورا سکرپٹ، تمام کردار اور مناظر مکمل طور پر جعلی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے تیار کیے گئے ہیں۔
اس نام نہاد دستاویزی فلم میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور بھارتی عسکری قیادت کے جعلی اے آئی کلپس اور تصاویر کا سہارا لے کر اپنی عوام کو مطمئن کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ہے ،آئی ایس پی آر ، وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پاکستانی میڈیا نے جب بھی معرکۂ حق یا دفاعِ وطن کی داستانیں دنیا کے سامنے رکھیں، تو ان کا معیار تکنیکی اور اخلاقی دونوں لحاظ سے اس قدر بلند تھا کہ دشمن کو بھی ان کی سچائی تسلیم کرنا پڑی۔ پاکستان نے کبھی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے جھوٹے سہارے نہیں لیے ، کیونکہ پاک فوج اور پاکستانی عوام کے پاس آپریشن بنیان مرصوص جیسے حقیقی معرکوں کی سچی اور ناقابلِ تردید داستانیں موجود ہیں۔