سپریم کورٹ :دوافرادکے قاتل کی سزائے موت برقرار، اپیل خارج

سپریم کورٹ :دوافرادکے قاتل کی سزائے موت برقرار، اپیل خارج

2پولیس افسروں اور 1کانسٹیبل کے قاتل کی عمرقیدکیخلاف نظر ثانی درخواست خارج

اسلام آباد(آئی این پی، این این آئی )سپریم کورٹ آف پاکستان نے دوہرے قتل کے مجرم عبدالشکور کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے ٹرائل  کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے ،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کیس کا 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا کہ مجرم نے معمولی تلخ کلامی پر پہلے اپنی بھابی کے والد پھراس کی والدہ کو بھی گولی مار کر قتل کر دیا، جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں بھابی کے 2 بھائی رحمت اللہ اور احمد شاہ زخمی ہوئے ،عدالت نے قرار دیا کہ مقتولین دراصل مجرم کے بھائی نعمت اللہ کے ساس اور سسر تھے ، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قتل و غارت کے بعد مجرم نے اپنی بھابی کو بھی اغوا کیا۔

عدالت نے کہا کہ ایسے سنگین جرم میں کسی رعایت کی گنجائش نہیں،فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے مقتولین کے داماد نعمت اللہ کو بری کر دیا تھا، اگرچہ واقعے کے وقت وہ جائے وقوعہ پر موجود تھا۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے 2پولیس افسروں اور 1کانسٹیبل کے قتل میں ملوث مجرم کی نظر ثانی درخواست خارج کر دی،عدالت عظمیٰ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا،عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملہ دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے ،فیصلے میں کہا گیا کہ مجرم کی جانب سے نظر ثانی کی درخواست 1598دن کی غیر معمولی تاخیر سے دائر کی گئی ،واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے مجرم کو 3بار سزائے موت سنائی تھی تاہم سپریم کورٹ نے اپنے پہلے فیصلے میں سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں