پٹرولیم قیمتیں کم نہ کیں تو سڑکیں جام کردینگے:حافظ نعیم :22مئی کو احتجاج کا اعلان
فرسودہ نظام جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا وقت آگیا،جماعت اسلامی کا قافلہ اٹک پل تک نہیں رکے گا پنجاب میں لاکھوں بچے ناخواندہ، سکول پرائیویٹائز کئے جارہے ،عمران کو رہائی ملنی چاہئے ،خطاب
لوئر دیر (دنیانیوز،این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ22مئی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ اور مہنگائی کی مجموعی صورتحال کے خلاف ملک گیر مظاہرے اور دھرنے ہوں گے ، جون کے پہلے عشرے میں چاروں صوبوں میں ہڑتال ہوگی، حکومت نے پٹرول کی قیمتیں کم نہ کیں تو سڑکوں کو جام کردیں گے اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہوگا۔ جماعت اسلامی کا قافلہ اٹک پل تک نہیں رکے گا، پنجاب میں لاکھوں بچے ناخواندہ ، حکومت سکول پرائیوٹائز کررہی ہے ۔عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدی رہا کرنے چاہئیں ۔دیر پائیں میں تاریخی اور بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کا موجودہ نظام عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رہا ہے ، اس فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا وقت آگیا۔ ’’بدل دو نظام‘‘جلسہ عام سے سابق امیر سراج الحق، امیر کے پی شمالی عنایت اللہ خان اور امیر دیر پائیں مولانا اسد اللہ نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ جلسہ اختتام نہیں بلکہ ایک نئی جدوجہد کا آغاز ہے ۔
انہوں نے مقامی قیادت کو پہاڑی علاقے میں شاندار جلسے کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے ہوئے انہیں دیر پائیں میں جماعت اسلامی کے 80 ہزار ممبرز بنانے کا ہدف دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 79 برس سے ملک پر افسرشاہی، جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور مافیاز کا ایک کنسورشیم مسلط ہے جس نے عوام کا استحصال کیا۔ قوم نے مل کر ان کمپنیوں کو گرانا اور نظام تبدیل کرنا ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 1969 میں ریاست دیر پاکستان میں شامل ہوئی تو یہاں تعلیمی ادارے اور بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر تھیں، تاہم جماعت اسلامی نے عوامی خدمت کے ذریعے یہاں حکومت کے بغیر حکومت سے زیادہ کام کیا، سڑکوں کا جال بچھایا اور عوام کو سہولیات فراہم کیں۔ تعلیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہزاروں تعلیمی ادارے قائم کئے ہیں، دیگر سیاسی جماعتیں تعلیم کے میدان میں عملی کام کر کے دکھائیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت علاقہ میں ایک بھی نیا کالج کیوں نہ کھول سکی اور صوبہ بھر میں پچاس لاکھ بچے سکولوں سے باہر کیوں ہیں؟ انہوں نے پنجاب میں سکولوں کی نجکاری پر بھی تنقید کی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی موقع ملنے پر ملک بھر میں سو فیصد مفت تعلیم کا نظام نافذ کرے گی ۔ انہوں نے ’’بنو قابل‘‘پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چترال کے بعد دیر میں بھی نوجوانوں کو مفت تعلیم اور ہنر فراہم کئے جائیں گے ۔سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے اور عمران خان کو بھی آزادی ملنی چاہیے ۔ جماعت اسلامی کسی کی کرایہ دار جماعت نہیں۔ جماعت اسلامی مسلک کی بنیاد پر تقسیم کی سیاست نہیں کرتی بلکہ تمام مکاتب فکر اور علما کا احترام کرتی ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی ٹیکس پر شدید تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 410 روپے فی لٹر پٹرول عوام پر ظلم ہے ۔ حکومت نے عوامی احتجاج کے بعد صرف پانچ روپے کمی کرکے حاتم طائی کی قبر پر لات ماری، وزیراعظم یہ تماشا بند کریں، اگر عالمی سطح پر قیمتیں بڑھی ہیں تو حکومت اضافی ٹیکس اور لیوی ختم کرے ۔ جماعت اسلامی پٹرولیم لیوی کے خلاف آج (پیر) کو آئینی عدالت میں درخواست دائر کر رہی ہے ۔ ہمیں معلوم ہے عدالتیں یرغمال ہیں، اس کے باوجود عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے ۔خارجہ امور پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے امریکی صدر پر شدید تنقید کی اور کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف جماعت اسلامی نے ہمیشہ واضح مؤقف اختیار کیا ۔