پاکستان نے بیانیے کی جنگ میں نئی دہلی کا پر اپیگنڈا زمین بوس کردیا
بھارت کا جارحانہ ریاستی سرپرستی میں چلنے والا بیانیہ مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکا کشمیر سمیت تمام معاملات پر اسلام آباد کو زیادہ توجہ ملی ، سابق ڈپٹی NSA کا اعتراف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )جنوبی ایشیا کے سیاسی و سفارتی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی، بھارت کے سابق ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر اروند گپتا نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر جاری بیانیے کی جنگ میں بھارت پر نہ صرف سبقت حاصل کی بلکہ اس نے نئی دہلی کا پر اپیگنڈا بھی زمین بوس کر دیا ،ایک معروف پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر اروند گپتا نے کہا کہ پاکستان کا عالمی بیانیہ اس لیے مؤثر ثابت ہوا کہ اسلام آباد نے برسوں سے عالمی تعلقاتِ عامہ، تھنک ٹینکس، تعلیمی اداروں اور بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ روابط مضبوط بنانے پر مستقل اور حکمتِ عملی کے تحت سرمایہ کاری کی۔
ڈاکٹر گپتا کے مطابق پاکستان نے جموں و کشمیر سمیت علاقائی سلامتی کے اہم معاملات پر اپنا مؤقف تسلسل اور مدلل انداز میں عالمی برادری کے سامنے پیش کیا، جس کے نتیجے میں بین الاقوامی پالیسی ساز حلقوں میں اسلام آباد کے مؤقف کو زیادہ توجہ ملی۔علاقائی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اعتراف اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ بھارت کا جارحانہ اور ریاستی سرپرستی میں چلنے والا بیانیہ مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکا۔