عدالتیں محض خدشات پر کام نہیں کرتیں:لاہور ہائیکورٹ
جواب داخل کرانے کا یہ کیا طریقہ ؟:چیف جسٹس، ڈی پی او قصورکی سرزنش ہائیکورٹ نے آفتاب پھلروان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان کے بیان کی روشنی میں انکے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے قرار دیا کہ عدالتیں محض خدشات پر کام نہیں کرتیں ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کنیز بی بی کی درخواست پر سماعت کی ،عدالت کے حکم پر ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان پیش ہوئے۔ عدالت نے ڈی پی او کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ یہ جواب داخل کرانے کا کیا طریقہ ہے؟
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب وقاص عمر سیال نے بتایا کہ جلدی میں،جواب میں وہ لیٹر نہ لگایا جاسکا جس میں لکھا تھا کہ درخواست پر فیصلہ کر دیا گیا ہے ، عدالت نے ڈی پی او کی رپورٹ کی روشنی میں توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی ۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود ڈی پی او قصور نے میری درخواست پر فیصلہ نہیں کیا لہذا عدالت ڈی پی او کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔