جمہوری نظام کی مضبوطی:پاکستان،بنگلہ دیش ادارہ جاتی تعاون پرمتفق
وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا مقصد تیز رفتار آئینی انصاف کی فراہمی ہے :چیف جسٹس ایگزیکٹو لیڈرشپ ڈویلپمنٹ ٹریننگ پروگرام کے تحت آئے بنگلہ دیشی وفد سے بات چیت
اسلام آباد(اے پی پی)چیف جسٹس وفاقی آ ئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا بنیادی مقصد تیز رفتار اور موثر آئینی انصاف کی فراہمی، مقدمات کے بروقت فیصلوں اور آئینی بالادستی کا تحفظ ہے ،انہوں نے کہا عدالت شہریوں کو فوری آئینی ریلیف فراہم کرنے اور زیر التوا مقدمات کے جلد از جلد فیصلوں کے لیے مسلسل کوشاں ہے ، ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس نے وفاقی آئینی عدالت میں بنگلہ دیش کے سینئر سول سرونٹس پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات میں عدالت کے معزز ججز جسٹس عامر فاروق، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ سمیت رجسٹرار بھی شریک تھے۔
چیف جسٹس نے کہا برادر ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون اور تجربات کا تبادلہ گورننس اور پبلک ایڈمنسٹریشن کی بہتری کے لیے نہایت اہم ہے ،بنگلہ دیشی وفد اس وقت پاکستان میں ایگزیکٹو لیڈرشپ ڈویلپمنٹ ٹریننگ پروگرام کے تحت موجود ہے ، جس کا مقصد گورننس، آئینی انتظامی امور اور پبلک سروس لیڈرشپ میں عملی مہارت کو فروغ دینا ہے ،دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ادارہ جاتی تعاون اور تجربات کا تبادلہ جمہوری نظام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔