پاکستان سمیت 10ممالک کی فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی مذمت
کشتیوں پر حملے اور گرفتاریاں عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے :مشترکہ بیان وزرائے خارجہ کا فلوٹیلا شرکا کی سلامتی پر گہری تشویش کا اظہار ،فوری رہائی کا مطالبہ
اسلام آباد (دنیا نیوز)پاکستان سمیت 10 ممالک نے غزہ کے شہریوں کے لئے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق مشترکہ مذمت کرنے والے ممالک میں پاکستان، ترکیہ، بنگلہ دیش، برازیل، کولمبیا، انڈونیشیا، اردن، لیبیا، مالدیپ اور سپین شامل ہیں، ان ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ مذمتی بیان جاری کیا ہے ،مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا ایک پُرامن شہری اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام ہے ، اس کا مقصد فلسطینی عوام کی سنگین انسانی مشکلات کی جانب عالمی توجہ مبذول کروانا ہے ، انہوں نے کشتیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنانے والے مسلسل اقدامات کی مذمت کی۔
وزرائے خارجہ نے فلوٹیلا میں شامل شہری شرکا کی حفاظت اور سلامتی پر گہری تشویش ظاہر کی اور کہا کہ کشتیوں پر حملے اور کارکنوں کی من مانی گرفتاری بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ گرفتار تمام کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے ، گرفتار تمام کارکنوں کے حقوق اور وقار کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے ۔وزرائے خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرے اور انسانی امدادی مشنز کے تحفظ کو یقینی بنائے۔