پولیس کالج میں کرپشن کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

 پولیس کالج میں کرپشن کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

ایڈیشنل آئی جی شہزادہ سلطان کمیٹی کے چیئرمین، رانا معصوم رکن ہونگے کمانڈنٹ ڈی آئی جی سہیل چودھری نے آئی جی کو آڈٹ کیلئے خط لکھا تھا

لاہور (کرائم رپورٹر )آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پولیس ٹریننگ کالج لاہور کے فنڈز میں کروڑوں کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ،ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے چیئرمین،اے آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس رانا معصوم رکن ہوں گے ۔اندرونی آڈٹ رپورٹ میں چوہنگ ٹریننگ کالج لاہور کے اکاؤنٹس میں کروڑ وں کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔ذرائع کے مطابق جون 2025 سے فروری 2026 تک مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی ۔پی ٹی سی لاہور کاسٹاک ریکارڈ، بلز اور لیجرز مبینہ طور پر غائب پائے گئے ہیں۔ٹینڈرنگ میں پیپرا قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں  (صفحہ6بقیہ نمبر43)

 کا انکشاف ہوا ،نئے کمانڈنٹ کی تعیناتی سے کچھ عرصہ قبل مبینہ طور پر 6 کروڑ 70 لاکھ کیش بھی نکلوایا گیا ۔ ذرائع کے مطابق 7 ماہ قبل بھی کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن سامنے آئی ،پیرا اور کسٹمز حکام کی تربیت کیلئے فراہم فنڈز میں بھی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔موجودہ کمانڈنٹ ڈی آئی جی سہیل چودھری نے آئی جی پنجاب کو آڈٹ کروانے کیلئے خط لکھا تھا ۔ڈی جی آڈٹ کی جانب سے پولیس ٹریننگ کالج لاہور کا بیرونی آڈٹ کئے جانے کا امکان ہے ،الزامات ثابت ہونے پرکیس اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کوبھجوایا جائے گا جہاں کیس کی ریگولر انکوائری کی جائے گی۔واضح رہے کہ چوہنگ ٹریننگ کالج میں گزشتہ 3 سال آڈٹ نہیں کیا گیا تھا جس پر کمانڈنٹ چوہنگ نے آئی جی پنجاب کو آڈٹ کرنے کیلئے لیٹر لکھا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں