راولپنڈی جرگہ قتل کیس:ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے نوٹس
پسند کی شادی پر لڑکی کشمیر سے واپس بلا کر اہلخانہ کے سامنے قتل، دفن بھی کر دی گئی ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کی جائیں:ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سماعت ملتوی
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے راولپنڈی میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو جرگے کے فیصلے کے تحت قتل کرنے کے مقدمے میں ملزمان ظفراللہ و دیگر کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت جون کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد رضا نے عدالت کو بتایا کہ پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو جرگے کے فیصلے پر کشمیر سے واپس بلا کر قتل کیا گیا۔ اسے دفن بھی کر دیا گیا تھا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا، کیا اس مقدمے میں ملزمان کو نوٹس جاری کر دیئے جائیں، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا اس کیس میں لازمی نوٹس جاری کیے جائیں اور ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کی جائیں۔ عدالت نے ملزمان کو نوٹس جاری کر کے سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ایف آئی آر جولائی 2025 میں درج ہوئی۔ مقدمے کے مطابق لڑکی کو اہلخانہ کے سامنے قتل کیا گیا، خواتین نے غسل دیا اور لاش لوڈر رکشہ میں قبرستان منتقل کرکے دفن کیا گیا۔