جرگہ،پنچایت نظام غیر قانونی،ختم کیا جانا چاہیے ، چیئرپرسن کمیٹی
لاہور میں 136 گولیاں مارنے کے واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جائے ، انسانی حقوق کمیٹی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسانی حقوق کی فنکشنل کمیٹی کی چیئر پرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ جرگہ اور پنچایت نظام سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق غیر قانونی ہیں، انہیں ختم کیا جانا چاہیے ۔ کمیٹی نے لاہور میں 136گولیاں برسائے جانے کے واقعے کو انسانی برداشت سے بالاتر قرار دیتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی زیر صدارت اجلاس میں توجہ دلائی گئی کہ احمد جاوید (ایسوسی ایٹڈ آف سینٹرل گروپ آف کالجز) کو 136 گولیوں سے قتل کرنے کا مقدمہ عام فوجداری قانون کے دائرے میں ہے جس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل نہیں کی گئیں۔ جڑانوالہ واقعہ پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ 16 اگست 2023 کو گرجا گھروں اور عیسائی برادری پر حملوں میں 382 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔ چیئرپرسن نے ہدایت دی کہ سپریم کورٹ میں پیش کردہ رپورٹ اور سپیشل برانچ کی رپورٹ اگلے اجلاس میں پیش کی جائے ۔ اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس میں فرخ افضل کے اغوا اور قتل کے کیس میں پولیس کو مطلع کیا گیا کہ دو ملزمان (سیف اللہ اور مہ نور شاہد) کو گرفتار کر کے جیل بھیجا جا چکا ہے جبکہ تیسرا ملزم سید علی سوات سے گرفتار کر کے پنجاب منتقل کیا جا رہا ہے ۔