پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال:سٹیٹ بینک یادگاری سکہ جاری کریگا

پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال:سٹیٹ بینک یادگاری سکہ جاری کریگا

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اور چین کے درمیان سفار تی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر حکومتِ پاکستان نے ایک اہم اور علامتی اقدام کے طور پر 75 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا جس کا اعلان سٹیٹ بینک کی جانب سے کیا گیا۔

 یہ سکہ 25 مئی 2026 سے سٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاؤنٹرز پر عوام کے لیے دستیاب ہوگا جہاں شہری اسے حاصل کرسکیں گے ۔سکے کی خصوصیات کے مطابق یہ گول شکل میں تیار کیا گیا ہے جسکے کنارے دھاری دار ہیں جبکہ اس کی دھات کاپر نکل یعنی 75 فیصد تانبا اور 25 فیصد نکل پر مشتمل ہے ،اس کا قطر 36 ملی میٹر اور وزن 19 گرام رکھا گیا ہے ،سکے کے سامنے والے حصے پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا روایتی نشان یعنی ہلال اور ستارہ نمایاں کیا گیا ہے جسکے ساتھ اردو میں ملک کا نام، سنہ اجرا 2026 اور 75 روپے کی مالیت درج ہے ،اسی طرح سکے کے پچھلے حصے پر پاکستان اورچین کے قومی پرچموں کوخوبصورت انداز میں پیش کیا گیا جبکہ اسکے گرد انگریزی میں 75ویں سالگرہ کی عبارت اور ٹرسٹ، فرینڈشپ، سپورٹ کے الفاظ تحریر ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد کو اجاگر کرتے ہیں۔ مزید برآں اردو اور چینی زبان میں بھی پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال اور اعتماد، دوستی، معاونت کے الفاظ درج کیے گئے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں