بجلی سبسڈی ختم کر نے کی تردید، میٹرز کی جانچ شروع

بجلی سبسڈی ختم کر نے کی تردید، میٹرز کی جانچ شروع

صارفین کیلئے ریلیف پالیسی ختم کرنے یا اس میں تبدیلی کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں سبسڈی کے درست استعمال کیلئے سولر ، اضافی میٹرز چیک کئے جارہے ،وزارت توانائی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزارتِ توانائی نے ماہانہ 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی سبسڈی ختم کرنے کی رپورٹس کو سختی سے مسترد کر دیا ہے دوسری جانب سبسڈی کا غلط استعمال کرنے والے صارفین کی نشاندہی کیلئے ڈسکوز نے ملک بھر میں بجلی کے میٹرز کی جانچ شروع کر دی ہے ،وزارت کے ترجمان نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے موجودہ ریلیف پالیسی ختم کرنے یا اس میں تبدیلی کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے ،ذرائع کے مطابق کم بجلی استعمال کرنے والے صارف کو ماہانہ تقریباً 5 ہزار روپے تک سبسڈی دی جاتی ہے ، جس کے باعث اس کا بل تقریباً 2 ہزار روپے ر ہتا ہے ، جبکہ سبسڈی ختم ہونے کی صورت میں یہ بل 7 ہزار روپے تک جا سکتے ہیں،وزارت توانائی نے کہا کہ حکومت کم آمدنی والے صارفین کو ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہے اور 200 یونٹس سے کم استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے کسی بھی قسم کی سبسڈی ختم نہیں کی جائے گی،حکام کے مطابق بعض گھروں میں اضافی میٹرز اور سولر سسٹمز کے ساتھ گرڈ کنکشن کی بھی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سبسڈی کا استعمال درست طریقے سے ہو رہا ہے ،وزارت کے مطابق بلز کیو آر کوڈز صرف بلنگ اور صارف ڈیٹا کی تصدیق کیلئے ہیں اور ان کا سبسڈی پالیسی میں کسی تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں