پراپرٹی ٹربیونلز چند روز میں فعال ہوجائینگے :لاہورہائیکورٹ

پراپرٹی ٹربیونلز چند روز میں فعال ہوجائینگے :لاہورہائیکورٹ

کسی کی جرأت نہیں ہمارے فیصلے کے بعد کوئی کارروائی کرے :چیف جسٹس عالیہ نیلم ڈی آر سی کمیٹی کے حکم پر عملدرآمد کرانے کیخلاف کیس میں ٹربیونلز سے رجوع کا حکم

لاہور(کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے عدالتی حکم کے باوجود ڈی آر سی کمیٹی کے پراپرٹی سے متعلق حکم پر عملدرآمد کرانے کیخلاف کیس کی سماعت پر درخواست گزار کو پراپرٹی ٹربیونلز سے رجوع کرنے کی ہدایت کرکے درخواست نمٹا دی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پراپرٹی کیسز سے متعلق ٹربیونلز ابھی فعال نہیں ہوئے ،پراپرٹی ٹریبونلز بنانے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب کو درخواست دی ،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ٹربیونلز چیف سیکرٹری نے بنانے ہیں ؟ ٹربیونلز کیلئے ججز تو ہائیکورٹ نے دینے ہیں ،چند روز میں ٹربیونلز فعال ہوجائینگے ۔ وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ ڈی آر سی کمیٹی کے پراپرٹی پر  قبضے سے متعلق تمام فیصلے کالعدم ہونگے ،عدالتی فیصلے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر ڈی آر سی کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے قبضہ چھڑوا رہے ہیں ، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کسی کی جرأت نہیں ہے کہ ہمارے فیصلے کے بعد کوئی کارروائی کرے ،یہاں عملی بات کریں ، ایسے ہوا میں باتیں نہ کریں ، اپنی پٹیشن میں دستاویز دکھائیں جس سے ثابت ہو کہ کسی نے حکم عدولی کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں